عتیقہ اوڈھو ترکی کی ڈرامہ انڈسٹری میں انٹری کو تیار

ترکیہ: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو ترکی کے ڈرامے ’کویو بیاز‘ میں اداکاری کر کے غیر ملکی انڈسٹری میں  ڈیبیو کریں  گی۔

پاکستان میں  ترکی ڈراموں کو بےحد پسند کیا جاتا ہے جبکہ ارتغرل غازی اور کورولس عثمان کے بعد پاکستان میں ترک مواد کے ناظرین کی تعداد ایک نئی بلندی پر پہنچی ہے۔

جہاں اب پاکستان بھی ترکی کی طرز کا ڈرامہ بنا رہا ہے وہیں پاکستانی اداکاروں نے بھی ترکی کے ڈراموں میں انٹری دینا شروع کر دی ہے۔

پاکستان کی معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو جلد ترکی  کے ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی، کویو بیاز کے سیٹ پر اوڈھو کے ساتھ مشہور ترکی اداکار نیسا بولکباشی اتاکان ہوگورین، اتابیق محسن اور ایبرو اکیل جیسے مشہور نام ہوں گے۔

عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر  ترکی کی پروڈکشن کمپنی کی جانب  سے کی گئی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خوشخبری سُنائی کہ وہ بین الاقوامی پراجیکٹ کا حصہ بن چکی ہیں اور جلد اُن کے ڈرامے کو نشر کیا جائے گا۔

یہ ڈرامہ ٹی آر ٹی ڈیجیٹل اسکرینز پر نشر کیا جائے گا اور اس کی ہدایت کاری بلنٹ اسبیلن نے کی ہے کاسٹنگ لسٹ کے مطابق ٹی وی میزبان  توصیق حیدر بھی ترک ڈرامے میں کردار ادا کریں گے۔