بھارت کے معروف فلم ساز اور پروڈیوسر سنیل درشن نے انکشاف کیا ہے کہ اجے دیوگن کے گھر والے چاہتے تھے کہ کاجول شادی کے بعد کام چھوڑ دے۔ حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں فلم ساز سنیل درشن نے کاجول کے کیرئیر سے متعلق چند انکشافات کیے۔
انہوں نے کہا کہ 'اجے کے گھر والے کاجول کے فلمی کیرئیر کے حق میں نہیں تھے اور یہ بات مجھے کاجول کی والدہ تنوجا آنٹی نے بتائی کیونکہ کاجول میری فلم میں کام کرنے والی تھی'۔ سنیل درشن نے بتایا 'فلم جانور کی شوٹنگ کا آغاز ہونے والا تھا جس میں کاجول نے کام کرنا تھا اور پھر ان دنوں کاجول کی شادی بھی قریب تھی، مجھے تنوجا آنٹی کا فون آیا اور انہوں نے اپنے گھر آنے کا کہا'۔
دوران انٹرویو فلم ساز نے کہا 'میں ان کے گھر گیا تو انہوں نے مجھے کہا تم جانتے ہو کاجول کی شادی ہونے والی ہے اور وہ لوگ (اجے کے گھر والے) نہیں چاہتے کہ کاجول اب کام کرے، اسی لیے تمہیں اس کے فلم سے نکالنا پڑے گا'۔ سنیل درشن نے کہا 'میں نے جب یہ سنا تو کہا ٹھیک ہے کوئی بات نہیں، میں ان کے اس فیصلے کی عزت کرتا ہوں، بعدازاں میں نے کاجول کی جگہ شلپا شیٹی کو فلم میں لیا'۔