بھارت کے شہر ممبئی کی پولیس نے ایک فلم کی شوٹنگ کے کارروائی کرتے ہوئے 17 غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے 17 غیر ملکی شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ تمام غیر ملکی بالی ووڈ فلم کے عملے کا حصہ ہیں۔ گرفتار کئے گئے 17 افراد میں سے 10 خواتین ہیں جبکہ 7 مرد ہیں۔
ممبئی کے دہیسر پولیس اسٹیشن میں تعینات سینیئر افسران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پولیس اہلکاروں نے کوکنی پاڑہ نامی علاقے میں چھاپہ مارا۔ اس دوران وہاں ایک فلم کی شوٹنگ چل رہی تھی۔ وہاں بہت سے غیر ملکی شہری موجود تھے، پولیس نے ان سب کے سفری کاغذات کی جانچ پڑتال کی۔ اس دوران پتہ چلا کہ ان میں سے کئی کے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں۔
پولیس حکام نے مزید کہا بہت سے لوگوں کے پاس ویزا تک نہیں تھا، یہ لوگ طویل عرصے سے فلم انڈسٹری میں غیر قانونی طور پر کام کر رہے تھے۔ ان تمام غیر ملکی افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے اور انکے خلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ان تمام غیر ملکیوں کو گوا سے لایا گیا تھا۔ فی الحال پولیس ان کے سہولت کار کی تلاش میں ہے۔
بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کی موجودگی کا علم پولیس کو اس وقت ہوا جب ممبئی کانگریس انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ونگ نامی تنظیم کے ایک عہدیدار نے اس معاملے کی شکایت کی۔
نائک نامی شخص نے اپنی درخواست میں لکھا تھا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ایل پی شنگٹے فلم اسٹوڈیو میں شوٹنگ کے لیے کئی غیر ملکی لوگوں کو لایا گیا ہے۔ ان تمام غیر ملکیوں کے پاس ویزا تک نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے ہم نے پولیس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
بالی ووڈ میں غیر ملکیوں کو کاسٹ کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ لوگ فنکاروں سے لے کر ماہرین تک ہر چیز کے لیے غیر ملکیوں کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔