کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں گھر سے ایک ہی خاندان کی 4 خواتین اور بچیوں کی لاشیں ملی ہیں۔ کراچی کے الفلاح تھانے کی حدود شمسی سوسائٹی کے ایک گھر میں پر تشدد واقعات میں 2 بچوں سمیت 4 خواتین کو قتل کردیا گیا جب کہ ایک مرد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کا خاندان اس علاقے میں پہلی منزل پر کرائے پر مقیم تھا، گھر سے دو بڑی خواتین جب کہ دو بچیوں کی خون میں لت پت لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ گھر سے ایک مرد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، علاقہ مکینوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جب کہ اطراف میں لگے کیمروں کی بھی فوٹیج حاصل کی جائے گی۔