بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ امریکا میں گرفتار

نامور  بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار  کو امریکا میں گرفتار کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو  کیلی فورنیا سے 20 نومبر کو حراست میں لیا گیا لیکن اس حوالے سے  بھارتی حکومت کو سرکاری سطح پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی پنجاب کے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والا گولڈی برار حال ہی میں کینیڈا سے امریکا پہنچا تھا اور اس کا موقف تھا کہ گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد اسے کینیڈا میں شدید خطرات لاحق ہیں۔


میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ گولڈی برار نے سدھو موسے والا کے قتل کی زمہ داری فیس بک پوسٹ کے ذریعے قبول کی تھی اور پھر وہ سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے امریکا منتقل ہوگیا تھا جہاں وہ ریاست کیلی فورنیا کے مختلف شہروں میں رہائش اختیار کرتا رہا۔

بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے بھی سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی کردار کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے میں آپ کو یہ ایک مصدقہ خبر دے رہا ہوں کہ گولڈی برار امریکا میں گرفتار ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں جس کے نتیجے میں سدھو موسے والا موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔