انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر6.7 ریکارڈ ہوئی۔
انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، اور ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.7 ریکارڈ ہوئی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جزیرہ جاوا زلزلے سے لرز اٹھا، اور زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جب کہ عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگڈر مچ گئی۔
یورپی زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت جکارتہ میں بھی محسوس کیے گئے، جب کہ مغربی جزیرے جاوا میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 118 کلومیٹر تھی۔
خبرایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد فوری طور کسی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں، تاہم گزشتہ ماہ جاوا میں زلزلے سے 327 افراد جان سے گئے تھے، سیکڑوں زخمی اور ہزاروں عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔