قبائلی عوام کے مسائل حل کرنا وقت کی ضرورت ہے، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور:گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے فاٹا انضمام کے بعد قبائلی عوام کے مسائل حل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ میری خواہش ہے کہ قبائلی نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کیساتھ ہنر میں بھی مواقع فراہم ہوں۔

 قبائلی مشران اورتجربہ کارریٹائرڈافسران نوجوانوں کو باجوڑ سمیت دیگرقبائلی اضلاع میں دستیاب قدرتی وسائل پرتحقیق اور ان سے استفادہ کرنے کی طرف راغب کریں، قبائلی نوجوانوں کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت کے تعاون سے روزگار کی ایسی سکیم متعارف کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت ضم اضلاع کے نوجوانوں کو متعلقہ سیکٹر کی مشینری کیلئے اسان شرائط پرقرضوں کی فراہمی کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سینیٹر مولاناعبدالرشید کی قیادت میں ضلع باجوڑ کے60 رکنی نمائندہ جرگہ سے گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔

وفد نے گورنر کو آئینی منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اور اس امیدکااظہارکیا کہ گورنر چونکہ ہماری روایات، ثقافت اور مزاج سے بخوبی آگاہ ہیں اس لئے ہمارے مسائل کے حل کیلئے نہ صرف اپنا کردار ادا کریں گے بلکہ وفاق اور صوبائی حکومت کے سامنے بھی ہمارے احساسات، جذبات رکھیں گے اور پسماندگی سمیت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

 وفد نے گورنر کو باجوڑ میں امن وامان، بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور باجوڑ کے ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے مشین کے نہ ہونے سے پورے باجوڑ کو خواتین وحضرات کے مشکلات سے آگاہ کیا۔ 

وفد میں شامل باجوڑ کی بزنس کمیونٹی نے افغان سرحد کی بندش سے تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے سمیت دیگر عوامی مسائل سے بھی گورنرکو آگاہ کیا۔ 

اس موقع پر گورنر نے کہاکہ میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ اتنی بڑی تعداد میں آپ گورنرہاؤس تشریف لائے اور جو مشکلات و مطالبات آپ نے پیش کئے اس کے حل کیلئے نہ صرف کوشش کروں گا بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو آگاہ کرکے ضم اضلاع کے نوجوانوں کے مسائل کے خاتمے کیلئے اپناکردار ادا کروں گا۔

 انہوں نے کہاکہ باجوڑ ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے مشین سمیت دیگر مسائل بھی میرے نوٹس میں ہیں اور میری اولین ترجیح ہوگی کہ میں خیبرپختونخوا اورخاص طور پر ضم اضلاع کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کروں۔

 گورنرنے کہاکہ باجوڑ کی زمین نہایت زرخیز ہیں میری کوشش ہوگی کہ وفاقی اورصوبائی حکومت سے آپ کیلئے سولرٹیوب ویلز منظور کراسکوں تاکہ نہ صرف آپ کی بنجر زمینیں کاشت کے قابل ہوں بلکہ آپ مختلف اقسام کی سبزیاں،گندم اگاکر اپنی ضروریات خو دپورا کرسکیں۔