عامر خان اپنے والد کا ماضی یاد کرکے روپڑے

 ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار عامر خان اپنے والد طاہر حسین کی مالی پریشانیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کیمرے کے سامنے رو پڑے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک انٹرویو میں عامر خان اپنے ماضی کے حوالے سے بات کر رہے تھے کہ اس دوران اداکار اپنے والد کی مالی پریشانیوں سے متعلق بتاتے ہوئے رو پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں 10 سال کا تھا اس وقت ہمارے مالی حالات بہت خراب تھے۔

اداکار نے بتایا کہ ان کے والد نے لاکٹ نامی فلم بنانے کے لیے بہت سے لوگوں سے سود پر قرض لیا تھا اور 8 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود وہ وہ فلم نہیں بنا سکے تھے، یہ وہ وقت تھا جب اداکار بیک وقت کئی فلمیں کیا کرتے تھے۔

اپنے والد کے بارے میں بتاتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ ان کے والد کو بنیادی سہولیات کے لیے بھیک مانگتے دیکھ کر گھر والوں کو بہت پریشانی ہوتی تھی۔ وہ بہت سادہ انسان تھے اور ان کے والد کی بنائی گئیں کچھ فلمیں بہت چلیں لیکن ان کے پاس اتنا پیسہ کبھی نہیں تھا۔

عامر خان نے بتایا کہ اپنے والد کو مشکل میں دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی تھی کیونکہ انہیں ان لوگوں کے فون آتے تھے جن سے انہوں نے پیسے لے رکھے تھے، میرے والد کا فون پر جھگڑا شروع ہو جاتا تھا اور والد کہتے تھے کہ ان کے پاس پیسے نہیں ہیں کیونکہ ان کی فلم پھنس گئی ہے۔

ماضی کی کہانیاں سناتے ہوئے عامر خان رو پڑے اور کچھ دیر کے لیے انٹرویو چھوڑ کر چلے گئے تاہم کچھ دیر بعد خود کو سنبھال کر دوبارہ انٹرویو شروع کیا۔