صوبائی حکومت عوامی وسائل کے منصفانہ اور کارآمد استعمال پر یقین رکھتی ہے، وزیراعلیٰ

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کو عوامی فلاح کا ایک بہترین منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے کے تحت مختلف پیکجز پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق عملی پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں عوام کو بہترین شہری خدمات اور تفریحی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

وہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹرشہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے پی سپ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس کو منصوبے کی تفصیلات کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبرپختونخواکے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پارکوں اورتفریحی مقامات کی تعمیر، نکاسی آب اور کوڑ ا کرکٹ کومناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے 97 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ(KPCIP) شروع کیا گیا ہے جس پر ٹائم فریم کے مطابق پیشرفت جاری ہے۔

 واضح رہے کہ منصوبے کے تحت وزیر اعلیٰ محمود خان نے چند روز قبل ایبٹ آباد میں تین مختلف منصوبوں کا باضابطہ طور پر سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جن میں واٹر سپلائی سسٹم کی بحالی اور نئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا قیام، شیروان ایڈونچر فیملی پارک اور کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور پرانے بازار ایبٹ آباد سٹی کی اپ لفٹنگ شامل ہیں۔

 یہ تینوں منصوبے مجموعی طور پر 11 ارب 68 کروڑ روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کوہاٹ، مردان، مینگورہ اور پشاور میں تفریحی مقامات/پارکس کے قیام جبکہ کوہاٹ میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کے منصوبے بھی عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں جن پر جلد عملی کام کا باضابطہ اجراء کیا جائے گا جو مجموعی طور پر 9 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیے جائیں گے۔

 علاوہ ازیں 7.5 ارب روپے کی لاگت سے کوہاٹ اور پشاور میں واٹر سپلائی سسٹم، 8.3 ارب روپے کی لاگت سے مردان میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور 20 ارب روپے کی لاگت سے مینگورہ میں واٹر سپلائی نیٹ ورک کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے معاہدوں پر دستخط ہو چکے ہیں جبکہ موبلائیزیشن ایڈوانس گارنٹی تصدیق کے مراحل میں ہے جس کی تکمیل کے بعد ان منصوبوں پر بھی کام کا باضابطہ اجراء کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ صوبائی حکومت کا میگا منصوبہ ہے جس کی بروقت اور معیاری تکمیل صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے منصوبے کے بعض پیکجز کے تحت درکار آلات اور مشینری کی خریداری کا جاری عمل تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ منصوبے کے باقی ماندہ پیکجز پر بھی کام کا باضابطہ سنگ بنیاد اْسی صورت میں رکھا جائے گاجب مشینری متعلقہ سائٹ پر موبلائز کر دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ صوبائی حکومت کا اہم منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور عوام کو تفریحی پارکس کے علاوہ بہترین شہری سہولیات میسر ہوں گی۔ اْنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت عوامی وسائل کے منصفانہ اور کارآمد استعمال پر یقین رکھتی ہے۔ سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ بھی حکومت کے مذکورہ وڑن کا عملی مظہر ہے۔


 وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے مختلف ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی ضروریات اور شہریوں کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی اسکیمیں وضع کی گئی ہیں۔ اصل مقصد عوام کو بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی کے مجموعی عمل کو سٹریم لائن کرنا ہے۔

 وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے عوامی فلاح و ترقی کیلئے اْٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اْنہوں نے کہاکہ صحت، آبنوشی، آبپاشی، صنعت، سیاحت اور شہری خدمات جیسے شعبوں میں درجنوں منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام اپنی زندگی میں واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔