نائیجیریا  میں مسلح افراد کا مسجد پر حملہ، 19نمازی اغوا ء

 نائیجر:افریقی ملک نائیجیریا کے شورش زدہ علاقے میں مسلح افراد کے ایک گروپ نے مسجد پر حملہ کیا اور 19نمازیوں کو اغوا کرکے فرار ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نائیجیریا کی ریاست کاتسینا کے گاؤں مائیگامجی میں پیش آیا جہاں مسلح حملہ آوروں نے نماز مغرب کے دوران مسجد پر دھاوا بولا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں امام مسجد اور ایک نمازی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقامی پولیس کے ترجمان گیمبو اسہ نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد انہوں نے 19نمازیوں کو اغوا کر لیا اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہماری ٹیم نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور 6نمازیوں کو اغوا کاروں سے چھڑانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ دیگر 13کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ریاست کدونا کے دیہات پر ڈاکوں کے حملوں میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔