اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری میں 5 سالہ بچی سمیت 8 فلسطینی شہید

مغربی کنارہ: اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کر کے 5 سالہ بچی سمیت 8 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین میں بد ترین اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کی پٹی پر ایک بار پھر وحشیانہ بمباری کرتے ہوئے اسرائیلی فورسز نے پانچ سالہ بچی سمیت آٹھ فلسطینیوں کو شہید کر دیا، بمباری سے 44 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔

گزشتہ 2 روز کے حملوں میں 6 بچوں سمیت 24 فلسطینی شہید اور 203 زخمی ہو چکے ہیں۔رواں برس صہیونی فورسز نے 145 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جو 2015 کے بعد سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں یہودی آبادیوں کی مخالفت کرے گا، امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ نئی اسرائیلی حکومت کو شخصیات سے نہیں، اقدامات سے جانچا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو اس طرح کی کسی بھی پالیسی سے اختلاف ہوگا جو دو ریاستی تنازعہ کے حل کے خلاف ہو، دو ریاستی تنازعہ کے حل کے خلاف پالیسی اسرائیل کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچائے گی۔