سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے چھوٹی گاڑی چلانے والوں کیلئے اہم اعلان کیا ہے۔
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ چھوٹی گاڑیوں کو آئندہ سال 2023 کے اختتام تک ایپ ٹیکسی میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جن چھوٹی گاڑیوں کو ایپ ٹیکسی میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے ان کا ماڈل 2023 کے آخر تک پانچ برس سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہیے۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ جن گاڑیوں کو ایپ ٹیکسی میں استعمال کرنے کی مہلت میں توسیع دی گئی ہے ان کے لیے ضروری ہوگا کہ ایپ ٹیکسی کمپنیاں چھوٹی گاڑیوں کو اپنے یہاں خصوصی زمرے میں شامل کریں اور گاڑی میں زیادہ سے زیادہ مسافروں کی تعداد متعین کریں۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ ایئرپورٹ سے سواریاں نہ اٹھائیں اور نہ ہی ایک شہر سے دوسرے شہر سواریاں لے کر جائیں، جن گاڑیوں کو اجازت دی گئی ہے وہ شہر کے اندر ہی اپنا کام کرسکیں گی۔
اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ 2023 کے آخر تک چھوٹی گاڑیوں کو ایپ ٹیکسی میں استعمال کرنے کی منظوری گاڑیوں کے مالکان کو سہولت فراہم کرنے اور شہروں میں ٹیکسی سروس بہتر بنانے کی غرض سے دی گئی ہے۔