صبا فیصل کا اپنے بیٹے سلمان اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا اعلان

کراچی: پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے سلمان اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

انسٹاگرام پر اپنے گھریلو معاملات کے حوالے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں صبا فیصل  نے مداحوں کو بتایا ہے کہ وہ اپنے بیٹے سلمان اور بہو نیہا سے تعلق ختم کر چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں نے اپنے گھر کے نجی معاملات کا یوں کبھی تذکرہ نہیں کیا لیکن اب مجبوراً کرنا پڑ رہا ہے، لوگ مجھے نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں ،میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے’۔

 

اداکارہ نے کہا ’جب کسی خاندان میں نیہا جیسی منفی عورت آجاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں، میں پچھلے چار سال سے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں، میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا ایسی عورت کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا، میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گی لیکن آپ لوگ اس ویڈیو سے اندازہ لگاسکتے ہیں‘۔


انہوں نے کہا ’بس اتنا کہوں گی کہ میرا نیہا سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، بیٹے نے اسی کے ساتھ رہنا ہے اس لیے اس سے بھی میرا، میری بیٹی اور شوہر کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے‘۔

صبا فیصل نے کہا کہ ’بہت سے سوشل میڈیا پیجز نے نیہا کی پوسٹس شیئر کیں  جس میں مجھے گالیاں پڑ رہی ہیں لیکن میں اور میری بیٹی سعدیہ اسی لیے خاموش رہے کہ ہم کچھ بھی بولتے ہیں تو بات وائرل ہوجاتی ہے‘۔ اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اگر میں باتوں کی گہرائی میں گئی تو لوگ تھو تھو کریں گے، اسی لیے میں صرف یہ ہی کہہ رہی ہوں کہ میرا سلمان اور نیہا سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔

یاد رہے کہ اب سے کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ صبا فیصل کے بیٹے اور بہو کی طلاق ہوگئی ہے جس کی وجہ صبا فیصل کو قرار دیا جارہا تھا۔

تاہم بعدِ ازاں اداکارہ نے اس خبر کی تردید کی تھی، ایک حالیہ انٹرویو میں صبا فیصل نے کہا تھا کہ ان کی  بہو اور بیٹے سب بہت اچھے ہیں اور خوش ہیں تاہم اب انہوں نے بیٹے اور بہو سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔