اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پشاور موڑ پر اتوار بازار میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے 150 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
اسلام آباد کے اتوار بازار میں آگ لگنے کے باعث 150 دکانیں جل گئیں، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
آگ بے قابو ہونے کی وجہ سے راولپنڈی فائر فائٹرز کو بھی طلب کرلیا گیا جبکہ آتشزدگی کے واقعے کا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی نوٹس لے لیا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ڈی سی اسلام آباد کو خود موقع پر ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرداخلہ نے ے آگ واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ جبکہ پولیس نے اتوار بازار کی جانب آنے والے تمام راستوں کو سیل کردیا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق اتوار بازار میں ٹوٹل 2700 دکانیں ہیں، پٹرول اور جنریٹر ہونے کی وجہ سے وقفے وقفے سے دھماکے ہو تے رہے۔اسلام آباد کے علاقے ایچ نائن میں پشاور موڑ پر قائم سستے اتوار بازار میں آگ لگنے سے کپڑے کے کئی اسٹالز جل گئے، 16 فائر بریگیڈز اور درجنوں فائر فائٹرز نے 2 گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
آگ کی شدت بڑھنے کے بعد دیگر علاقوں سے بھی فائر بریگیڈز بلوائی گئیں، آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل تیزی سے بلند ہوتے رہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اسلام آباد کے اتوار بازار میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں جاری امدادی کارروائیوں میں پاک فضائیہ کے اہلکار پیش پیش رہے۔
پاک فضائیہ کی 2 فائیر فائیٹر گاڑیوں نے آگ بجھانے میں سول انتظامیہ کی مدد کی۔ذرائع کے مطابق بروقت اقدامات کی وجہ سے آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ بہت زیادہ مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اسلام آباد پشاور موڑ اتوار بازار میں آتشزدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اتوار بازار آتشزدگی کی لپیٹ میں انے والے اسٹالز مالکان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اسلام آباد انتظامیہ کو آگ بجھانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔