تین معصوم بیٹیوں کے قاتل باپ کو تین بار سزائے موت کی سزا کا حکم

میانوالی: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے اپنی تین معصوم بیٹیوں کے قاتل باپ کو تین بار سزائے موت کی سزا کا حکم سنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق دو مئی 2021 ء کو علاقہ داؤدخیل میں درندہ صفت باپ نادر خان نے اپنی تین معصوم بیٹیوں 4 سالہ ارفہ فاطمہ 3 سالہ علیشہ فاطمہ اور پندرہ ماہ کی عائشہ فاطمہ کو فائرنگ کر کے بیدردی سے قتل کر دیا تھا۔

 ملزم سفاک باپ نادر کو رنج تھا کہ ہر مرتبہ اسکی بیٹیاں کیوں پیدا ہوتی ہیں بیٹا کیوں پیدا نہیں ہوتا،ملزم اس بات پر ہر وقت بیوی سے لڑتا جھگڑتا تھا بیوی کا اسکو کہنا تھا کہ یہ اللہ کی مرضی ہے بیٹی دے یا بیٹا میرے بس میں نہیں اللہ کے بس میں ہے۔

 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میانوالی اورنگ زیب نے ملزم کو تین بار سزائے موت کے علاوہ پندرہ لاکھ جرمانہ ادا کرنے کی سزا کا بھی حکم دیا ہے،مقدمہ قتل کا مدعی بچیوں کا نانا ریٹائرڈ صوبیدار عطا اللہ خان تھا۔

پولیس کی جانب سے مضبوط چالان بنایا گیا، اس عدالتی فیصلہ سے انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔