ممبئی: طالب علم کو اسکوٹر سے ٹکر مارنے پربھارتی کامیڈین اداکار راجپال یادیو کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک طالب علم نے اداکار راجپال یادیو اور ان کی فلم کی ٹیم کے خلاف پولیس میں شکایت درج کر وا دی ہے طالبِ علم نے مؤقف اپنایا کہ ان لوگوں نے اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ لڑکا راجپال یادیو کی فلم کی شوٹنگ دیکھنے آیا تھا اور سیٹ کے قریب ہی کھڑا تھا، راجپال ایک سین شوٹ کروا رہے تھے کہ ان کی موٹر سائیکل بےقابو ہوکر اس لڑکے سے جا لگی۔
راجپال یادیو کی ٹیم کی جانب سے بھی اس لڑکے کے خلاف شکایت درج کروائی گئی ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ لڑکا شوٹنگ میں رکاوٹ کا باعث بن رہا تھا۔
پولیس کے مطابق اداکار جس اسکوٹر پر سوار تھے وہ پرانا تھا اور کنٹرول کھو دینے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا تاہم طالبِ علم کو کوئی چوٹ نہیں آئی واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔