کراچی: سٹی پولیس چیف جاوید اوڈھو نے شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری فون کیلئے ڈاکوؤں سے مزاحمت نہ کریں
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گزشتہ روز ڈکیتی مزاحت کے دوران مرنے والے جامعہ این ای ڈی کے طالبعلم مقتول بلال کے متعلق گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل پر دو ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننےکی کوشش کی، گرفتار ملزم 16 سال کا اور تاجک افغان ہے، دوسرے ملزم کو بھی شناخت کرلیا گیا، ملزم کا دوست شامل تفتیش ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ طالبعلم بلال ناصر کی موت کے بعد ہی ایس ایس پی ایسٹ کی ٹیم نے کام شروع کردیا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے ایک ملزم نظام کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم نظام الدین کی عمر 16 سال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نظام الدین افغان باشندہ ہے جو جمالی گوٹھ کا رہائشی ہے، دوسرے ملزم کی شناخت ہوچکی ہے اس کے رشتےداروں کو شامل تفتیش کیا گیا ہے اور اسے بھی جلد گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا تھاکہ ملزم کی گرفتاری سے امید کرتے ہیں مقتول کے ورثاء کا پولیس پر اعتماد بحال ہوسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور غربت اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کا باعث ہے جبکہ غیر قانونی طور پر کراچی میں رہائش پذیر افغان باشندوں کو قانون کے ضابطے میں لانے کی ضرورت ہے۔
کراچی پولیس چیف نے شہریوں سے اپیل کہ برائے مہربانی ڈاکوؤں سے مزاحمت نہ کریں۔ کراچی پولیس چیف جاویدعالم اوڈھو کا مزید کہنا تھاکہ کراچی میں بچوں کےساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ بھی دیکھاگیا، نومبر اور دسمبر میں 22 کیسسز ہوئے جن میں چار بچوں کوقتل کیاگیا، 21 ملزموں کوگرفتارکیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ رواں سال کے دوران زیادتی کےکل 251 واقعات میں بچے قتل ہوئے اور 251 میں سے 225کیسسزحل کیے ہیں، 233ملزم پکڑے گئے، رواں سال 825 پولیس مقابلے ہوئے، 118 ملزم پولیس مقابلوں میں مارے گئے، 937 ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
خیال رہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے 21 سالہ طالب علم بلال ناصر کو جمعرات کی شام یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ مقتول فیڈل بی ایریا کا رہائشی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ پیٹرولیم میں تھرڈ ائیر کا طالب علم تھا۔