لاہور:لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین پاک بزنس ایکسپریس کو حادثہ پیش آگیا، جس میں 2 سگے بھائی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ہلوکی کے قریب پھاٹک کھلا ہونے کی وجہ سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پھاٹک کھلا ہونے کی وجہ سے ریلوے کراسنگ پر اچانک رکشہ ٹرین کے سامنے آگیا۔
ٹرین ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگائی جس سے انجن سمیت 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حادثے کے باعث ریلوے ٹریک ٹوٹ جانے کی وجہ سے لاہور سے کراچی کیلئے ٹرین آپریشن عارضی طور پر بند ہو گیا۔