پولیس ذرائع کے مطابق اہل کاروں نے ایک ٹیکسی کو روکا اور تلاشی کی تو دھماکا ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہل کار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 3اہل کار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
جاں بحق اہل کار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں اہل کار محمد حنیف، محمد یوسف اور محمد بلال شامل ہیں۔ دھماکے میں 2 شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود شخص بھی ہلاک ہوگیا۔ گاڑی میں دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور غیر متعلقہ گاڑیوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پہنچ گئے جب کہ ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔