لاہور /بہاولپور: سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے متعدد علاقے گہری دھند کی لپیٹ میں آگئے۔
بہاولپور کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حد نگاہ شدید متاثرہونے سے مختلف موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردیئے گئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 1 پشاور تا اسلام آباد جبکہ موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
موٹروے ایم 4 بھی دھند اور حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث فیصل آباد تاعبدالحکیم جبکہ موٹروے ایم 5 بھی شیرشاہ سے روہڑی تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔
ملتان موٹروے فیض پور سے درخانہ تک اور لاہور، سیالکوٹ موٹروے ایم 11 جبکہ سوات ایکسپریس وے کو بھی کرنل شیر خان تا اسماعیلہ ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب شدید دھند کے باعث بہاول پورمیں احمد پورشرقیہ ٹول پلازہ کے قریب وین اور ٹرالر کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔