اسلام آباد /جدہ:سعودی عرب کے علاقے جازان میں دو پاکستانی کنویں میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، دونوں کی میتوں کو پاکستان بھیجنے کے لئے دستاویزات تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
دو روز قبل سعودی عرب کے علاقے جازان میں ایک حادثے میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانی ٹرک ڈرائیور غلام عباس اور محمد افضل مگسی کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے۔
دونوں واٹر سپلائی کے ٹینکرز کے لئے کنویں سے پانی بھر رہے تھے کہ غلام عباس پاں پھسلنے کے باعث کنویں میں جا گرا۔
محمد افضل مگسی غلام عباس کی جان بچانے کے لئے کنویں میں کود گیا، غلام عباس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ محمد افضل آج دو روز بعد مقامی ہسپتال میں انتقال کرگیا۔
قریبی دوستوں کے مطابق دونوں کی میتوں کو پاکستان بھجوانے کے لئے کاغذی کارروائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔