نوشہرہ میں گیس سلنڈر دھماکے میں نومولود بچی سمیت 3افراد جاں بحق  

نوشہرہ: خیبرپختون خوا کے شہر نوشہرہ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے رہائشی عمارت منہدم ہوگئی، ملنے میں دبنے سے نومولود بچی سمیت تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے، تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا۔

  نوشہرہ کے علاقے تحصیل پبی واپڈا کالونی سیکٹر  ای کے ایک رہائشی گھر میں سلنڈر دھماکا ہوا

۔ ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کردیں۔ 

ابتدائ اطلاعات کے مطابق سلنڈر بلاسٹ کی صورت میں عمارت منہدم ہوگئی اور متعدد افراد پھنس گئے جنہیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے.

ریسکیو 1122 نوشہرہ کی فائر میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیموں کی امدادی ٹیمیں ملبے سے شہریوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

امدادی ادارے کے مطابق اب تک تین لاشوں اور چار زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق افراد میں واجد عمر 30 سال اس کی اہلیہ 19 سال اور ایک نومولود بچی شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں نیاز بی بی عمر 50 سال، زبیر عمر 33 سال، نمرہ عمر 9 سال، مصطفیٰ عمر 5 سال شامل ہیں۔

بعدازاں امدادی ادارے نے ملبے میں لاشیں ڈھونڈنے کا ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کا اعلان کردیا۔