کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 8 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بی بی اے کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔
مقتول فوٹوگرافی کرکے واپس لوٹا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا، جائے وقوع سے پولیس کو گولیوں کے خول اور گولیاں بھی ملی ہیں۔
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 8 میں ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر 26 سالہ جہانگیر کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے مقتول کو زخمی کردیا۔
کراچی: موبائل فون چھیننے پر مزاحمت کے دوران این ای ڈی کا طالب علم قتل
مقتول کو شدید زخمی حالت میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ جہانگیر بی بی اے کا طالب علم تھا جو شادی بیاہ کی تقاریب میں فوٹو گرافی بھی کرتا تھا، واقعے سے قبل بھی وہ فوٹو شوٹ کر کے گھر کے قریب پہنچا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم اور 30 بور کی 9 گولیاں ملی ہیں جبکہ 3گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے بھائی کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی حاصل کرلی ہیں، تفتیش جاری ہے۔