لکی مروت : سال نو کے پہلے دن دہشت گردوں کے حملہ میں سپاہی شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے نواحی علاقے شہباز خیل میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا جب کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔ ترجمان لکی مروت پولیس کے مطابق نیا سال شروع ہوتے ہی رات کو دہشت گردوں نے پولیس چوکی شہباز خیل پر خود کار ہتھاروں سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے بھاری اور خودکار اسلحے سے لیس ہو کر پولیس کو نشانہ بنایا اور چوکی کے اندر گھسنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چوکی شہبازخیل کو کئی اطراف سے خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنایا، اس دوران انہوں نے آر پی جی سیون راکٹ لانچر اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا اور اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت اویس سکنہ عبدالخیل کے نام ہوئی جو کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے مقدمات میں سی ٹی ڈی بنوں پولیس کو مطلوب تھا، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، تاہم دہشت گردوں کے حملے میں آر آر ایف فورس کا ایک جوان کانسٹیبل تحسین اللہ زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کسی دہشت گرد کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔