کوہاٹ میں خزانے کی تلاش میں قبریں کھودنے والے 5ملزمان گرفتار 

کوہاٹ:کوہاٹ پولیس نے خزانے کی تلاش میں قبریں کھودنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملوث ملزمان کا تعلق پشاور اور کوہاٹ کے مختلف علاقوں سے ہے جنکے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں قبروں کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

. پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین اور انچارج چوکی ملز ایریا رف خان نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ خٹک کالونی میں واقع ایک پرانے قبرستان میں اچانک چھاپہ مارا جہاں ایک پرانے قبر کی کھدائی میں مصروف پانچ افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

 پولیس کی اہم کارروائی میں گرفتار ملزمان کا تعلق پشاور اور کوہاٹ سے ہے. مبینہ قبر کنوں کو رات کی تاریکی میں خٹک کالونی میں واقع ایک پرانے قبرستان سے گرفتار کیا گیا. ملزمان کو ایک پرانی قبر کی کھدائی کے دوران رنگے ہاتھوں حراست میں لیا گیا۔

 مبینہ ملزمان کے قبضے سے قبر کھودنے کے آہنی آلات بھی برآمد کرکے تحویل میں لئے گئے. خزانے کی تلاش میں قبریں کھودنے والے زیر حراست ملزمان میں محمد رسول، عبدالقیوم ساکنان پشاور، ریاض سکنہ جرما کوہاٹ، سلیم محمد اور حمید اللہ ساکنان خٹک کالونی کوہاٹ شامل ہیں۔

ملزمان کیخلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں قبروں کی بیحرمتی کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور انہیں مقامی عدالت کے سامنے پیش کرکے انکا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے. 

ایس ایچ او ایم آر ایس اسلام الدین کے مطابق زیر حراست ملزمان نے خزانے کی تلاش میں قبریں کھودنے کا اعتراف جرم کر لیا ہے اور دوران تفتیش ملزمان سے مزید بھی اہم انکشافات متوقع ہیں. ادھر مقامی لوگوں نے پولیس کی اس اہم کارروائی کو بے حد سراہا ہے اور گھنانے عمل میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے.