کوہاٹ:کوہاٹ کی قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے المناک حادثے میں ایک خاندان کی4 خواتین اور 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
ٹریفک کا خوفناک حادثہ زوڑ کلے درہ آدم خیل کے قریب سوزوکی وین اور مزدہ ٹرک گاڑی کے مابین پیش آیا. جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں میاں بیوی، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنکی لاشیں اپنے آبائی علاقے صابر آباد کرک پہنچادی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو پشاور کے ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔
. تفصیلات کے مطابق پشاور سے کرک جانیوالی سوزوکی وین نمبر AMA. 494 انڈس ہائی وے درہ آدم خیل کے علاقہ زوڑ کلے کے قریب سامنے سے آنے والی مزدہ ٹرک گاڑی نمبر TKR. 764سے ٹکرا کر کھلابازیاں کھاتے ہوئے سڑک کنارے ایک کھائی میں جاگری جسکے نتیجے میں سوزوکی وین میں سوار نور کلہ صابر آباد کرک کے رہائشی خاندان کے 8 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹریفک کے اس دلخراش حادثے میں 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
سوزوکی وین اور مزدہ ٹرک گاڑی کے مابین تصادم کے نتیجے میں میں جاں بحق افراد کی شناخت 30 سالہ صدف زوجہ کفایت اللہ، 50 سالہ نسرین زوجہ شاد محمد، 51 سالہ خان وزیرہ زوجہ امتیاز، 50 سالہ شمشاد بیگم زوجہ فہیم اللہ، 66 سالہ شاد محمد ولد لعل محمد، 13 سالہ ارمان ولد رضا اللہ، 8 سالہ نسیہہ دختر حسنین اور 6 سالہ آئزہ دختر عارف ساکنان نور کلہ صابر آباد کرک شامل ہیں۔
حادثے میں 12 سالہ وجیہہ دختر سجاد، 45 سالہ سجاد ولد عبدالوحید، 35 سالہ عظمت اللہ ولد محمد شفیق ساکنان نور کلہ کرک، مزدہ ٹرک ڈرائیور حضرت دین اور کنڈیکٹر حنیف ولد حاجی لعل ساکنان کوئٹہ شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی درہ آدم خیل پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کو موقع پرطلب کرکے مشترکہ امدادی کارروائی میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا جہاں سے زخمی افراد کو مزید علاج کیلئے پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔