5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے' وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے 5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد کورونا ویکسینیشن کو ہنگامی بنیادوں پریقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کورونا کی صورت حال پر جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں کورونا کی صورت حال قابو میں ہے، 5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسینیشن کو ہنگامی بنیادوں پریقینی بنایا جائے، سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پر اسکریننگ کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے نظام کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کورونا سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے، مجھ سمیت پوری قوم ویکسین عطیہ کرنے والے ممالک کی شکر گزار ہے۔

 انہوں نےکہا کہ کورونا انفیکشن کی کم شرح خوش آئند ہے مگر ہمیں ہر وقت تیار  رہنا ہوگا،کورونا کے پھیلاؤ کو  روکنےکے لیے اقدامات کرنے والے تمام عہدیداران اور این سی او سی کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔