میرپور خاص: سندھ کے ضلع میرپور خاص کے علاقے گلستان بلدیہ میں سستا آٹا خریدنے کا خواہش مند مزدور بھگدڑ مچنے اور لوگوں کے نیچے دبنے سے 9بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا جبکہ نوابشاہ میں بچی سمیت تین خواتین ہجوم کے پیروں تلے دب گئیں۔
محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے میرپور خاص کے علاقے گلستان بلدیہ میں سرکاری نرخ پر سستا آٹا ٹرک پر فروخت کیا جارہا تھا، جس کے حصول کے لیے شہری بڑی تعداد میں باہر نکلے۔
خواتین اور نوجوانوں نے ٹرک پر چڑھ کر آٹا حاصل کرنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے ٹرک چلا دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زمین پر گرے اور پھر وہاں بدنظمی ہوئی اور کئی لوگ نیچے گر گئے جس کے نتیجے میں 8 بچوں کا باپ اور مزدور ’ہرسنگ پولی‘ لوگوں کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگیا۔
متاثرہ شخص کے اہل خانہ نے لاش کے ساتھ میرپور پریس کلب پر احتجاج کیا اور سندھ حکومت کے خلاف نعرے بازی اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے ٹرک بھیجنے کی اطلاع نہیں دی گئی جبکہ اس سے قبل ہم پولیس اور محکمے کو کہہ چکے ہیں کہ وہ ہمیں مطلع ضرور کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج ہمیں اطلاع دے دی جاتی تو اقدامات کیلیے پولیس اہلکاروں کو تعینات کرتے تو شاید بدنظمی نہ ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واقعے کے بعد سیکریٹری خوراک کو خط لکھ کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
دوسری جانب نواب شاہ کے علاقے سکرنڈ میں فلو مل کے باہر سرکاری نرخ پر سستا آٹا خریدنے کے دوران بھگدڑ مچنے سے بچی سمیت 3 خواتین ہجوم کے پیروں تلے دب گئیں۔
علاوہ ازیں ملک کے مختلف علاقوں میں بھی سستے آٹے کے حصول کے لیے لمبی لمبی لائنیں لگیں، انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے عوام خوار ہو کر رہ گئے۔
پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں سستا آٹا پوائنٹ پر مخصوص لوگوں کو آٹے کی فراہمی پر عوام نے احتجاج کیا اور مرکزی شاہراہ کو بند کر کے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور ہر شہر میں من مانی قیمت پر فی کلو آٹا فروخت کیا جارہا ہے، لاہور میں چکی کا آٹا 10 روپے مزید مہنگا ہونے کے بعد 160 روپے فی کلو جبکہ پنجاب میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2155 روپے تک پہنچ گئی۔
کراچی میں آٹا 20 روپے اضافے کے بعد 140 روپے فی کلو سے 160 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے اور کوئٹہ میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔