کیچ: ہوشاپ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی ایک بڑی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہوشاب کے علاقے تلسر میں ایم 8 پر دیسی ساختہ بم نصب کرنے کے علاوہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کونشانہ بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا گیا۔
علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس، سرویلنس اور جاسوسی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مقام کی نشاندہی کی گئی اور سکیورٹی فورسز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے داخل کیا گیا۔
اس دوران دہشت گردوں نے فرارہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کے فرارہونے والے راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی۔
کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران چاروں دہشت گرد مارے گئے، جب کہ دیسی ساختہ بموں سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔