پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اپوزیشن کو نام بھیجنے سے انکار کردیا۔
پی ٹی آئی کےترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمودخان نہ تو اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو نگراں وزیراعلی کے لیے نام بھیجیں گے اور نہ ہی مشاورت کے لیے ان کے ساتھ بیٹھیں گے۔ اس سلسلے میں مشاورت ہوئی تو اب پارلیمانی کمیٹی کی سطح پر ہی ہوگی۔
انہوں نے کہا اکرم درانی کا چار سالوں کے دوران پارلیمان میں کیا کردار رہاہے جو ان سے مشاورت کریں۔ وزیراعلیٰ محمودخان ،نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام پارلیمانی کمیٹی کے لیے اسپیکر کو بھجواسکتے ہیں۔
کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراکرم خان درانی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وزیراعلی نے اسمبلی تحلیل کا عمل رکوانے کے لیے رابطہ کیا تھا۔ وزیراعلی کے پی محمود خان نے اسے الزام قرار دیا تھا جبکہ پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈر کے بیان پرشدید تحفظات کا اظہارکیا۔