چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے انسان نے اپنی 93 ویں سالگرہ پر چوتھی شادی کرلی

 واشنگٹن: نیل آرمسٹرانگ کے ساتھ چاند پر جانے والے امریکی خلا نورد بز ایلڈرن نے 93 سال کی عمر میں چوتھی شادی کرلی۔

امریکی خلائی مشن کے خلا نورد بز ایلڈرن چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے آدمی تھے۔ ان سے محض 16 منٹ قبل ان کے سینیئر ساتھی نیل آرم اسٹرانگ نے چاند پر قدم رکھ کر چاند پر پہنچنے والے پہلے انسان کا خطاب حاصل کیا تھا۔

بز ایلڈرن 1971 میں امریکی خلائی ادارے ناسا سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے اور اس کے بعد ایک این جی او بنائی اور اس کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہیں ان کی ملاقات کیمیکل میں پی ایچ ڈی کرنے والی خاتون ڈاکٹر اینکا فور سے ہوئی۔

امریکی خلانورد بز ایلڈرن نے ٹوئٹر پر بتایا کہ وہ اپنی 93 ویں سالگرہ کے دن اپنی دوست 63 سالہ ڈاکٹر اینکا فور سے شادی کی ہے۔

خیال رہے کہ یہ جوڑا 30 سال سے دوست ہے اور ڈاکٹر اینکا 2019 سے بز ایلڈرن کی فاؤنڈیشن میں کام کر رہی تھیں۔