بیجنگ: تھائی لینڈ میں چین کے نئے قمری سال کے آغاز پر سیاحتی مقام سے آنے والی مسافر وین ایک کار سے ٹکرا گئی اور آگ بھڑک اُٹھی جس میں 11 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وین میں حادثے کے وقت موجود مسافروں میں سے صرف ایک نوجوان اپنی جان بچا سکا۔ کسی اور مسافر کو وین سے نکلنے کی مہلت بھی نہ مل سکی۔
زندہ بچ جانے والے واحد مسافر، 20 سالہ طالب علم نے بتایا کہ حادثے کے وقت میں سو رہا تھا آنکھ کھلی تو خوفناک منظر دیکھا۔ پچھلے حصے میں آگ لگی تھی۔ میں نے دروازے پر لاتیں مار کر شیشہ توڑا اور بمشکل رینگتے ہوئے نکلا۔
طالب علم نے مزید بتایا کہ جیسے ہی میں وین سے باہر نکلا، زور دار دھماکا ہو گیا اور پوری وین دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ اندر سے مسافروں کے چیخوں کی آواز سنائی دے رہی تھیں لیکن میں کچھ نہ کرسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کا پتہ چلانا مشکل ہے کہ حادثہ کس کی غلطی سے پیش آیا۔ سال نو پر ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔