چُھپن چُھپائی کھیلتے ہوئے لڑکا بنگلادیش سے ملائیشیا پہنچ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 جنوری کو ملائیشین بندرگاہ پر بنگلادیش سے پہنچنے والے سامان سے بھرے کنٹینر سے انتہائی پریشان حالت میں ایک لڑکابرآمد ہوا۔
کنٹینر میں سے بچہ برآمد ہونے پر حکام نے اسے انسانی اسمگلنگ کا کیس سمجھتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔
دوران تفتیش معلوم ہوا کہ یہ بچہ بنگلادیش کے شہر چٹاگانگ میں اپنے دوستوں کے ساتھ چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے کنٹینر میں چھپ گیا، تاہم کنٹینر بند ہوجانے کی صورت میں وہ 6 دن تک اسی میں رہا اور جیسے ہی کنٹینر ملائیشین بندرگاہ پہنچا تو وہ خوش قسمتی سے زندہ بچ گیا۔
حکام کے مطابق لڑکے کی شناخت فہیم کے نام سے ہوئی ہے، جس نے بتایا کہ وہ چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے کنٹینر میں ہی سو گیا تھا۔تاہم آنکھ کھلنے پر اس نے باہر جانے کی کوشش کی تو کنٹینر بند تھا، وہ رویا چلایا پر کسی نے اس کی آواز نہیں سنی۔
6 دن سے کچھ کھائے پیے بغیر خوش قسمتی سے زندہ بچ جانے پر ملائیشن حکام نے بچے کو فوراً اسپتال منقتل کیا، جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔