2019ء میں پاکستان اور بھارت جوہری جنگ کیلئے تیار تھے، مائیک پومپیو

واشنگٹن:سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت ایک دوسرے پر ایٹمی حملہ کرنے کیلئے تیار تھے لیکن امریکہ نے مداخلت کرکے جنگ کو روکا۔

مائیک پومپیو نے اپنی کتاب  Never Give an Inch: Fighting for the America I Love میں انکشاف کیا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت اور پاکستان نے ایک دوسرے کو دھمکیاں دینا شروع کر دی تھیں۔

 ہندوستانی اور پاکستانی حکام کو خدشہ تھا کہ دوسرا فریق ان پر جوہری حملہ کرنے کیلئے تیاری کر رہا ہے،سابق وزیر خارجہ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ انہیں صورتحال کی سنگینی کا علم دورہ ویتنام پر ہوا، انھوں نے اس وقت کے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور دیگر حکام کے ساتھ ملکر دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ایک سینئر بھارتی اہلکار کی فوری فون کال پر میں نیند سے جاگا، بھارتی اہلکار کا خیال تھا کہ پاکستان نے جوہری حملے کی تیاری شروع کی ہے۔

 اس نے کہا کہ بھارت پیش قدمی پر غور کر رہا ہے، جس پر میں نے کہا کہ آپ کچھ نہ کریں،ہمیں چیزوں کو سلجھانے کے لیے وقت دیں۔

انہوں نے لکھا کہ امریکی سفارتکاروں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو قائل کیا کہ جوہری جنگ کی طرف نہ جائیں، اس رات ایک ہولناک نتیجے سے بچنے کے لیے جو ہم نے کیا وہ کوئی قوم نہیں کرسکتی تھی۔