کراچی میں ضلع کیماڑی کے محمد علی لغاری گوٹھ میں پُراسرار بخار سے دو ہفتے کے دوران 16 بچوں سمیت 19 افراد انتقال کر گئے۔
علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ 30 سے 35 بچے اب بھی بیمار ہیں، غیر قانونی فیکٹریوں کے دھوئیں سے سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے، علاقے میں کوئی ڈسپنسری موجود نہیں۔
ڈی ایچ او کیماڑی ڈاکٹر محمد عارف نے ٹیم کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دو بچوں کی اموات خسرہ سے ہوئی، علی محمد لغاری گوٹھ میں اموات کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد عارف نے بتایا کہ سیمپلز لیے ہیں جبکہ کیمپ قائم کر کے ڈاکٹر تعینات کر دیا ہے۔
اس سے قبل پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے شہر ظاہر پیر میں پُراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے 12 افراد انتقال کر گئے تھے۔
متاثرہ خاندان موضع تاج پور پیر والا کا رہائشی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے معمولی بخار ہوتا ہے پھر چند گھنٹوں میں مریض کی موت ہو جاتی ہے۔