پشاور:خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے کے بعض شہروں میں پٹرول کے حصول میں دشواریوں کا نوٹس لے لیا ہے‘ چیف سیکرٹری کو فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں پر امن اور صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت عام انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور یہ ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نگران کابینہ اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر صوبے میں عام انتخابات کے پر امن، صاف اور شفاف انعقاد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کو درکار تعاون فراہم کرئے گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نگران صوبائی حکومت بہتر طرز حکمرانی کے اصولوں اور کفایت شعاری مہم پر کاربند رہے گی اور دستیاب مالی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے گا اور غیر ضروری اخراجات سے گریز کیا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے صوبے کو مالی مشکلات سے نکالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو درپیش مالی مشکلات کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور وفاق سے جڑے صوبے کے مالی معاملات وفاقی حکومت کے ساتھ موثر انداز میں اٹھائے جائیں گے۔
ضم اضلاع سمیت صوبے کے آئینی و قانونی حقوق کے حصول کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وفاقی حکومت خصوصاً وزیراعظم اس سلسلے میں تعاون کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے نگران وزراء پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن انجام دینے کی بھر پور کوشش کریں۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے کے بعض شہروں میں پیٹرول پمپس پر صارفین کو تیل کے حصول میں دشواری کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق زیر گردش خبروں کے نتیجے میں بعض پیٹرول پمپس کی طرف سے صارفین کو تیل کی عدم فراہمی کی شکایات سامنے آرہی تھیں۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبہ بھر کے پیٹرول پمپس پر صارفین کو پیٹرول کی ہمہ وقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کے لئے تکلیف کا باعث بننے والے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا. اسی طرح نگران وزیر اعلی نے صوبہ بھر میں آٹے کی دستیابی کی صورتحال سے متعلق بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔