حب: بیلہ کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں گرنے سے 41 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے باعث مسافروں کو بس سے نکالنے میں مشکل پیش آئی اور اسی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ حمزہ انجم کے مطابق مسافر کوچ میں جاں بحق افراد کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے جبکہ بس میں 48 افراد سوار تھے جن میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہا ہوں، زیادہ تر لاشیں جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں اور اُن کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔
ایدھی انچارج لسبیلہ ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کا کہنا ہے کہ بس میں پھنسے مزید مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیلہ میں کوچ کے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ریسکیو آپریشن جاری رکھ کر زخمیوں کو فوری اسپتالوں تک پہنچائے۔
دوسری جانب لسبیلہ بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 38 38 افراد کی لاشیں جناح اسپتال کراچی منتقل کردی گئیں، جہاں اُن کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انتظامیہ نے شناخت کے بعد تین لاشیں لواحقین کے حوالے کردیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور مرنے والوں کے بلند درجات کی دعا بھی کی ہے۔