ایسا آپ نے کبھی سنا نہیں ہوگا مگر جاپان میں پالتو مچھلیوں نے اپنے مالک کے گیمنگ اکاؤنٹ کا کنٹرول سنبھال کر یوزر نیم تبدیل کردیا، کئی گھنٹوں تک گیمز کھیلنے کے دوران کریڈیٹ کارڈ کا استعمال کرکے پیسے بھی خرچ کیے۔
ایک جاپانی یوٹیوبر کے اکاؤنٹ میں اکثر مچھلیوں کو دکھایا جاتا ہے اور گزشتہ دنوں انہوں نے موشن سنسرز کی مدد سے گیمنگ کنسول کے کنٹرولز کو سنبھال لیا۔
Betta قسم کی یہ مچھلی ذہانت کے اظہار کے لیے جانی جاتی ہے اور ماضی میں بھی جاپانی یوٹیوبر کی ویڈیوز میں مختلف گیمز میں مہارت کے باعث لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہیں۔
یہ مجموعی طور پر 4 مچھلیاں ہیں اور ایک لائیو اسٹریم سیشن کے دوران جب ان کا مالک کہیں چلا گیا تو سسٹم میں ایک خامی کے باعث گیم پھر ہوم اسکرین پر واپس آگئی۔
اس موقع پر مچھلیوں کے پاس گیمنگ کنسول کا کنٹرول موجود تھا اور کئی گھنٹوں تک وہ یوزر نیم بدلنے، نئے اواتار ڈاؤن لوڈ کرنے، ای میل بھیجنے، شرائط و ضوابط پڑھنے اور پیمنٹ اکاؤنٹ بنانے میں مصروف رہیں۔
یہ مچھلیاں مالک کے اکاؤنٹ میں 500 ین کا اضافہ کرنے میں بھی کامیاب رہیں مگر کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات ناظرین کے سامنے جاری کرتے ہوئے ڈیجیٹل اواتار کی خریداری کی۔
ویڈیو پر ایک کیپشن میں مذاق کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ دنیا کی پہلی ویڈیو ہے جس میں پالتو مچھلیاں اپنے مالک کے کریڈٹ کارڈ سے خریداری کررہی ہیں۔
مچھلیوں کے مالک کی جانب سے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔