پشاور میں نمازیوں پر حملہ ناقابل معافی عمل ہے، امریکا 

واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی ہر طرح سے حمایت کرتے ہیں،دہشت گرد گروپوں سے نمٹنا پاکستان اور امریکہ کا مشترکہ مفاد ہے۔

امریکی خبر ایجنسی سے گفتگو کے دوران نیڈ پرائس نے کہا کہ پشاور دھماکا اس بات کی یاددہانی ہے کہ دہشت گردی کی لعنت اب بھی موجود ہے جو پاکستان اور افغانستان میں پورے خطے میں بدستور معصوم جانیں لے رہی ہے۔

افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ کے دورے پاکستان کے دورے سے متعلق نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستانی قیادت کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے تھامس ویسٹ ایک ایسا لائحہ عمل تشکیل دے رہے ہیں جس سے افغانستان میں خواتین کے حقوق کی بحالی ممکن ہوسکے۔

وائٹ ہاؤس کی نیشنل سکیورٹی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے اپنے بیان کہا کہ پشاور میں نمازیوں پر حملہ ناقابل معافی عمل ہے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ناقابل دفاع ہے، نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔

ایڈرین واٹسن نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔