ہانگ کانگ کا 5 لاکھ فضائی ٹکٹس مفت دینے کا اعلان

ہانگ کانگ نے کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد دنیا کیلئے اپنے دروازے کھول دیے، حکومت نے 5 لاکھ فضائی ٹکٹس مفت دینے کا اعلان کر دیا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے سفری پابندیاں تین سال بعد ختم ہوئی ہیں اور ہانگ کانگ حکومت نے 5 لاکھ فضائی ٹکٹ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت نے سیاحوں کو دوبارہ ملک میں متوجہ کرنے کیلئے ’ہیلو ہانگ کانگ‘ کے عنوان سے مہم شروع کی ہے۔

ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے سیاحوں کو 5 لاکھ فضائی ٹکٹ مفت دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ ملک کی رونق افروز زندگی دیکھ سکیں۔

انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ میں اب ’کوئی قرنطینہ نہیں، کوئی پابندیاں نہیں‘۔

مفت فضائی ٹکٹس کی فراہمی مارچ میں شروع ہوگی اور یہ مقامی ایئرلائنز کیتھے پیسیفک، ایچ کے ایکسپریس اور ہانگ کانگ ایئرلائنز کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔

موسم گرما کے دوران 80 ہزار فضائی ٹکٹ ہانگ کانگ میں رہائش پذیر افراد کو علیحدہ سے فراہم کیے جائیں گے۔