آنکھوں کے نیچے حلقے کیسے ختم کیے جائیں؟

آنکھوں کے نیچے اگر سیاہ حلقے ہوں تو پورے چہرے کا تاثر خراب ہوسکتا ہے، اس سے چھٹکارا پانا مشکل تو ہوتا ہے لیکن ناممکن نہیں۔

اکثر آنکھوں کے پپوٹوں کی رنگت چہرے کی جلد کی نسبت کافی گہری ہوجاتی ہے جس سے چہرہ تھکا ہوا اور مضطرب محسوس ہوتا ہے، یہ عموماً نیند کی کمی، جلدی الرجی، حمل، جینیات، ادویات کا استعمال، سورج کی مضر شعاعیں، غیر صحت مند طرز زندگی اور عمر رسیدگی کی وجہ سے جنم لینے لگتے ہیں۔

آنکھوں کے گرد جلد کی رنگت کا گہرا ہونا کوئی خطرے کی بات نہیں ہے لیکن یہ بنیادی صحت کے مسائل کی نشاندہی کر سکتی ہے۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ جلد کو ہائیڈریٹ رکھا جائے، ہائیڈریٹ رہنا آپ کی مجموعی صحت اور جلد کی تندرستی کے لیے انتہائی اہم ہے، سوتے وقت سر کو اونچا کرنا بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اس کے لیے کچھ قدرتی علاج بھی اس ضمن میں کار گر ثابت ہوں گے جو یہاں پیش کیے جارہے ہیں۔

ٹماٹر

ٹماٹر ایک مقبول قدرتی علاج ہے، اس کا مسلسل استعمال سیاہ دھبوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

ٹماٹر کا ایک ٹکڑا براہ راست ہر آنکھ پر 10 منٹ کے لیے رکھ سکتے ہیں، بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں تین بار اس عمل کو دہرائیں۔

کھیرا

کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں کے گرد گہری رنگت کو صاف کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتے کیونکہ ان میں جلد کو ہلکا کرنے کے ساتھ تیزابی خصوصیات بھی ہوتی ہیں۔

ٹماٹر کے ٹکڑوں کی طرح کھیرے کے ٹکڑوں کو 10 سے 15 منٹ تک آنکھوں پر رکھا جاسکتا ہے۔

ٹی بیگز

سبز اور کالی چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس سوزش اور رنگت کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، دو استعمال شدہ ٹی بیگز کو 2 گھنٹے کے لیے فریج میں رکھنے کے بعد انہیں 15 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں، ساتھ ہی پلکوں پر بادام کے تیل کا مساج بھی کریں۔