کویت سٹی: خلیجی ملک کویت نے مزید 180 پاکستانی ڈاکٹروں اور نرسوں کی خدمات حاصل کر لیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 180 پاکستانی ڈاکٹروں اور نرسوں کی ایک نئی کھیپ ملک میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کی مدد کے لیے کویت پہنچ گئی ہے۔
کویت میں پاکستانی سفیر ملک فاروق نے کویتی عوام کی طبی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کے موقع پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں وبائی مرض کے بعد کویت میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی کمی ہے، ہم پر اعتماد کرنے کے لیے میں کویتی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، ہمارے ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف پیشہ ور، قابل اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
پاکستان اپنے بہترین ہسپتالوں سے بہترین ڈاکٹر بھیجتا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستانی عوام کویت میں اپنے دوستوں اور بھائیوں کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی یہ کھیپ پاکستان اور کویتی حکومتوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت کویت پہنچنے والا 18 واں گروپ ہے۔
سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر زور دیا اور کویت کی ترقی میں تعاون کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے ڈاکٹروں کی یہ کھیپ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کا صرف آغاز ہے۔
ہم مزید افرادی قوت لانے کے لیے تیار ہیں، نا صرف ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف بلکہ تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پاکستانی پیشہ ور افراد کو بھی کویت لایا جائے گا کیوں کہ ہم کویت کی ترقی میں مدد کرنے کے مقصد سے کسی بھی جگہ یا ملازمت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں جو ہم 60 سال سے زیادہ عرصے سے کر رہے ہیں۔