اسرائیلی فورسز نے چھاپے کے دوران 7فلسطینیوں کو شہید کردیا

غزہ:اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے کے دوران 7فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے پیر کی صبح اردن کی سرحد کے قریب واقع عقبات جبر پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران 7فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

اسرائیلی قابض فوج نے دعویٰ کیا کہ مرنے والوں میں 28جنوری کو جیریکو کے قریب ایک اسرائیلی ریسٹورنٹ پر فائرنگ کے ناکام حملے میں ملوث جنگجو شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج نے کئی ضبط شدہ آتشیں اسلحے کی تصویر بھی شائع کی ہے جو شہدا سے برآمد کیا گیا، قابض افواج نے شہدا کی لاشیں قبضے میں لے لیں۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق چھاپے کے دوران ایک اسرائیلی فوجی مبینہ طور پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

 دریں اثنا اسرائیلی فوج نے حماس کے سینئر عہدیدار شاکر عمارہ کو عقبات جبر کیمپ میں ان کے گھر سے اغوا کرلیا۔