پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا میں الیکشن کروانے کی درخواست پر صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔
پی ٹی آئی کی 90 دن میں صوبائی اسمبلی الیکشن کروانے کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔
درخواست گزار کے وکیل معظم بٹ ایڈوکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں انتخابات کروانا لازمی ہے لیکن گورنر خیبر پختونخوا نے ابھی تک الیکشن تاریخ نہیں دی۔ گورنر کہتا ہے کہ امن و امان کا مسئلہ ہے اور ایسے حالات میں الیکشن کا انعقاد مشکل ہے، اب 33 نشستوں پر ضمنی الیکشن کروا رہے ہیں اور اب حالات ٹھیک ہیں۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ کیا وہاں پر امن و امان کا مسئلہ نہیں ہے، قانون کے مطابق 90 دن میں الیکشن کروانا لازمی ہے۔
ایڈوکیٹ جنرل عامر جاوید نے مؤقف اپنایا کہ 36 دن تک گورنر الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورت کرسکتا ہے اور الیکشن ایکٹ کے مطابق 36 دن مشاورت کرنے کے بعد وہ تاریخ دے سکتے ہیں، ابھی 36 دن پورے نہیں ہوئے اس لیے ان کی یہ درخواست قبل ازوقت ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم پری ایڈمیشن نوٹ جاری کرتے ہیں، صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن اپنا جواب جمع کریں۔ عدالت نے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔