گلگت سے راولپنڈی جانیوالی بس کھائی میں گرنے سے 30افراد جاں بحق

گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس دیامر شتیال کے قریب گہری کھائی میں گرنے سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس شتیال کے قریب چھوٹی گاڑی سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں گر گئی۔

حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں 30 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

وقوعہ کے بعد ریسکیو حکام بھی جائے وقوعہ پہنچے تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے امدادی کام شروع نہ کرسکے اور انہوں نے صبح ریسکیو کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث بس کو حادثہ پیش آیا کیونکہ چھوٹی گاڑی سے ٹکرانے کے بعد بس ڈرائیور اسٹیرنگ پر قابو نہ رکھ سکا اور مسافر بس سیدھی کھائی میں گر گئی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف کا دیامر میں بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ناگہانی اموات پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی اور مرنے والوں کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

 

وزیراعظم محمّد شہباز شریف نے چلاس کے قریب شاہراہ قراقرم پر ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبّی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے مسافر بس حادثے پر قیمتوں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  حادثے کا شکار افراد کی مدد اور جانیں بچانے کےلئے ریسکیو ٹیمیں ، انتظامیہ اور محکمہ صحت کے زمہ داران کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کردیں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پرقوم رنجیدہ ہے،افسوسناک واقعے سے گلگت بلتستان کی فضاء سوگوار ہے، مصیبت کی گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنر نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا بھی کی۔

مشیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے ہربن بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر دیامر، ڈپٹی کمشنراورپولیس حکام کوریسکیو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کی اور حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کرنے کا بھی حکم بھی جاری کردیا۔