خیبرپختونخوا ترقیاتی منصوبے، فنڈ ز کیلئے وفاق سے بات کی جائیگی، گورنر

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت معاشی مسائل سے دوچار ہے، ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کا درست استعمال یقینی بنایا جائے کیونکہ اس وقت ملک ایک روپے کے ضیاع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

 صوبہ اور قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی ترسیل کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔

 یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ محکمہ آبپاشی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کی۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزیر فضل الٰہی، سیکرٹری محکمہ آبپاشی مطہر ذیب سمیت محکمہ آبپاشی کے دیگر افسران موجود تھے۔میئر پشاور حاجی زبیر علی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

 اجلاس میں سیکرٹری محکمہ آبپاشی کی جانب سے گورنر کو محکمہ کے صوبہ بھربشمول قبائلی اضلاع میں انفراسٹرکچر اور سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے تحت جاری سکیموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں محکمہ آبپاشی کی اس وقت 40سکیموں پر کام جاری ہے جبکہ صوبہ کے بندوبستی اضلاع میں 132 آبپاشی کے منصوبے جاری ہیں جن میں ایریگیشن چینلز، واٹر پمپس، ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل اور سمال ڈیمز پر کام جاری ہے لیکن مالی مشکلات کے باعث بعض سکیموں میں منظور شدہ فنڈز ابھی تک ریلیز نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے منصوبوں کی تکمیل میں دشواری کا سامنا ہے۔

 اس پر گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ملک اس وقت مالی مشکلات کا شکار ہے تاہم صوبہ بالخصوص قبائلی اضلاع میں جاری عوامی مفاد کے منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت پہلے ہی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان سے بات بھی کی جائے گی۔

 گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ محکمہ آبپاشی نہروں اور دریاؤں کے کنارے سڑکوں کی کشادگی کے ساتھ ساتھ غیر ضروری تعمیرات کے خاتمہ کیلئے بھی موثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور شہر اور مضافات میں نہروں کی صفائی بر وقت نہ ہونیکے باعث بھی علاقے کے عوام مسائل کا شکار ہیں،