پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو دو رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔جہاں پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے میچ کا سب کو بے صبری سے انتظار ہوتا تھا، اس ٹورنامنٹ میں جس میچ پر ٹورنامنٹ کے آغاز سے بھی پہلے سے تمام پاکستانی شائقین کی نظریں تھیں وہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا میچ تھا۔آج کم از کم پشاور اور بابر اعظم کے فینز تو بالکل مایوس نہیں ہوئے اور ایک انتہائی دلچسپ میچ جو ایک موقع پر ون سائیڈڈ لگ رہا تھا میں فتح حاصل کر لی۔ تاہم عماد وسیم کی دھواں دار بیٹنگ نے بھی کراچی والوں کو مایوس نہیں ہونے دیا۔اس میچ کا اتنا ہائی پروفائل بن جانے کی متعدد وجوہات تھیں جن میں سے سب سے پہلی وجہ تو گذشتہ برس بابر اعظم کا کراچی کنگز چھوڑ کر پشاور زلمی میں شامل ہونا تھا۔ یہ میچ کھیلا بھی کراچی میں جا رہا تھا اور آج یہاں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔بابر اعظم گذشتہ برس کراچی کنگز کے کپتان تھے تاہم گذشتہ ٹورنامنٹ میں کراچی کی کارکردگی خاصی ناقص رہی تھی، اور ٹیم میں کھلاڑیوں کے درمیان مسائل کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔ جس کے بعد گذشتہ برس بابر اعظم کو پشاور نے خرید لیا تھا۔دوسری وجہ محمد عامر اور عماد وسیم کا پاکستانی ٹیم سے ایک عرصے سے باہر ہونا تھا جس کے بعد دونوں کی جانب سے مختلف موقعوں پر ڈھکے چھپے انداز میں اس بارے میں ناراضی کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ٹوئٹر پر کئی مرتبہ محمد عامر نے اس وقت کے چیف سیلیکٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عماد وسیم اور محمد عامر دونوں ہی بابر اعظم کو اچھی کارکردگی، ایوارڈ حاصل کرنے یا کوئی سنگِ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتے دکھائی نہیں دئیے جو ٹوئٹر پر صارفین نوٹ کرتے رہے۔ٹورنامنٹ سے قبل عماد وسیم نے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ بطور کپتان آپ کو مشکل فیصلے لینے چاہئیں اور دوستی یاری کا خیال نہیں رکھنا چاہئے۔اسی طرح ٹورنامنٹ سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس مرتبہ کراچی کنگز نے کوشش کی ہے کہ وہ ٹیم میں میچ ونرز کو جگہ دیں نہ کہ ایسے کھلاڑیوں کو جو اپنے انفرادی اہداف کے لئے کھیلتے ہیں۔ اسی طرح ایک موقع پر محمد عامر سے جب پوچھا گیا کہ کیا پی ایس ایل میں واقعی عامر بمقابلہ بابر ہے، تو انھوں نے کہا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، میرے لیے بابر بھی ویسا ہی ہے جیسے ٹیلینڈر کھیل رہا ہو گا کیونکہ میرا کام ٹیم کو وکٹیں لے کر دینا ہے۔اس پسِ منظر میں جب بابر اعظم اور محمد عامر کا سامنا ہوا تو بابر نے عامر کا استقبال ایک خوبصورت کور ڈرائیو سے کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر بابر اعظم کے مداحوں نے آسمان سر پر اٹھا لیا۔کراچی میں ہونے والے اس میچ میں بھی کبھی بابر، بابر کی صدائیں بلند ہوتیں اور کبھی عامر، عامر لگتی رہیں تاہم پہلی اننگز کے اختتام تک تو یہ مقابلہ بابر اعظم کے نام رہا۔بابر اعظم اپنے روایتی انداز میں کھیلتے دکھائی دئیے تاہم انھوں نے عماد اور عامر کو اعتماد سے کھیلا اور آغاز میں دو آؤٹ ہونے کے بعد ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ انھوں نے 46 گیندوں پر ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد 68 رنز بنائے۔ادھر محمد عامر نے اپنے چار اوورز جبکہ عماد وسیم کو ان کے تین اوورز میں 42 رنز بنے۔اس سب کے درمیان پشاور کے لیے اصل ہیرو انگلش بلے باز ٹام کوہلر کیڈمور رہے جنھوں نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 92 رنز بنائے اور اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی نے پہلی اننگز کے اختتام پر 199 رنز بنائے جس کا تعاقب کرتے ہوئے کراچی کنگز کے 46 رنز پر چار وکٹیں گر چکی تھیں۔ ایسے موقع پر تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اور عماد وسیم کریز پر آئے اور دونوں کے درمیان 131 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی جس سے کراچی دوبارہ میچ میں واپس آئی۔اس دوران پشاور زلمی کی جانب سے ناقص فیلڈنگ بھی کی گئی اور ساتھ ہی کیچ بھی ڈراپ کیے گئے اور متعدد نو بالز کروائی گئیں۔ تاہم ایسے میں وہاب ریاض کے اچھے 19ویں اوور اور پھر خرم شہزاد کے بہتر آخری اوور کے باعث عماد وسیم کی بہترین اننگز رائیگاں رہی۔ عماد وسیم نے چار چھکوں اور سات چوکوں کی بدولت 80 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ایک صارف نے اس بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عماد اور عامر کے بیانات کے بعد بابر کا کراچی میں جیتنا انصاف لگتا ہے۔ایک اور صارف نے لکھا کہ بابر اعظم نے آج اپنے ایکس کراچی کنگز کو ویلنٹائنز ڈے پر ہرا دیا ہے۔صارفین نے وہاب ریاض جو ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کے بعد وزیرِ کھیل پنجاب کا حلف اٹھائیں گے، کی جانب سے وکٹیں لینے، پھر کیچ ڈراپ کرنے اور اہم موقع پر نو بال کروانے پر بھی بات کی۔اس طرح دیکھا جائے تو پاکستان سپر لیگ کے انتہائی دلچسپ میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی گیند پر خوبصورت کور ڈرائیو لگانے کے بعد ٹوئٹر پر بابر اعظم کے مداحوں نے آسمان سر پر اٹھا لیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ عامر کی گیند پر بابر کی شانداز بیٹنگ میرے لیے آکسیجن کی طرح ہے۔ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کور ڈرائیو سب سے بہترین انتقام ہے۔ ایک اورنے لکھا کہ ٹیل اینڈر۔۔۔بابر کے ایک کورڈرائیو کے بعد اوور ایکٹنگ کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ایک اور صارف نے محمد عامر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا سافٹ ویئر اپڈیٹ۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ بابر اعظم کی کامیابی اپنی کامیابی محسوس ہوتی ہے۔اویناش آریان نے بھی بابر اعظم کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تبصرہ کیا۔ کسی نے لکھا کہ بابر اعظم کی ففٹی کراچی کنگز کی مینجمنٹ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ایک اور صارف نے ٹوئٹ میں بابر اعظم کی میچ کے بعد مسکرانے والی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سکون کی نیند کے لئے بابر کی مسکراہٹ کافی ہے۔پی ایس ایل کے دلچسپ میچز کا سلسلہ تو ابھی شروع ہی ہوا ہے آگے آگے دیکھئے کہ کھلاڑیوں کے درمیان کس طرح کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ایس ایل نے اپنے آپ کو ایک معیاری کرکٹ لیگ کے طور پر منوالیا ہے اور دنیا بھر میں اس کے باؤلروں اور بیٹروں کے چرچے ہیں۔