یورپی ملک آئرلینڈ میں مشتعل مرغے کے حملے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
جیسپر کروس نامی شخص کے ساتھ یہ واقعہ 28 اپریل 2022 کو پیش آیا تھا مگر موت کی تحقیقاتی رپورٹ اب جاری ہوئی ہے۔
تحقیقات کے دوران گھر میں کام کرنے والے ایک شخص Corey O’Keeffe نے بتایا کہ اس نے جیپسر کروس کی چیخیں سنی تھیں اور وہاں پہنچنے پر ٹانگ سے خون کو نکلتے دیکھا جبکہ پنڈلی پر ایک بڑا زخم بھی تھا۔
اس نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا جبکہ ایمبولینس پہنچنے سے پہلے 25 منٹ تک طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی۔
Corey O’Keeffe کا کہنا تھا کہ جیسپر کروس ایک موقع پر ہوش میں آئے تو ان کے منہ سے لفظ مرغا نکلا۔
حکام نے بتایا کہ جیسپر کروس کو کچن کے فرش پر دریافت کیا گیا تھا اور آس پاس خون پھیلا ہوا تھا۔
جیسپر کروس کی بیٹی ورجینا گیونین نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ وہ شاپنگ کے لیے گھر سے باہر گئی تھیں اور وہاں ہی انہیں یہ اطلاع ملی۔
ورجینیا کا کہنا تھا کہ ان کے والد کینسر سے صحت یاب ہو رہے تھے جبکہ ماضی میں گردوں کے امراض کا سامنا بھی کرچکے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ گھر پہنچیں تو ہر جگہ خون کو دیکھا اور انہیں احساس ہوا کہ ایک مرغا ان کے والد کی موت کا باعث بنا ہے۔
ورجینا نے بتایا کہ انہوں نے ایک مرغے کے پنجوں پر خون کو دیکھا تھا اور اسی مرغے نے پہلے ان کی بیٹی پر بھی حملہ کیا تھا۔