کراچی پولیس چیف دفتر حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

کراچی پولیس چیف کے دفتر پر گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

کے پی او پر حملے کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی ذوالفقار لارک کریں گے جبکہ ٹیم میں ڈی آئی جی ساؤتھ زون عرفان علی بلوچ اور ڈی آئی جی سی آئی اے محمد کریم خان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی کراچی طارق نواز اور انچارج سی ٹی ڈی ڈی ایس پی راجا عمر خطاب بھی کمیٹی ممبران میں شامل ہیں۔

پانچ رکنی کمیٹی کراچی پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی تحقیقات اور تفتیش کرے گی جبکہ کمیٹی کے چیئرمین معاملے کی تحقیقات میں تعاون کے لیے مزید ممبرز کو بھی شامل کر سکتے ہیں۔

کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم

یاد رہے کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور ایک سویلین بھی شہید ہوا تھا۔