پشاور:گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ بزنس کمیونٹی نے ملکی معیشت کے استحکام میں ہمیشہ قابل قدر کردار ادا کیا ہے، کاروباری افراد روزگار دینے کا وسیلہ ہوتے ہیں، ملک کی51 فیصد آبادی خواتین پرمشتمل ہیں اور خواتین کاکاروبار کی جانب راغب ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔بزنس کمیونٹی اور باالخصوص بزنس سے وابستہ خواتین کو درپیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر نے خیبرپختونخوا کے مختلف چیمبرزآف کامرس کے60 رکنی نمائندہ وفود سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا، جن میں چارسدہ وویمن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری، چارسدہ چیمبرزآف کامرس، کرم چیمبرآف کامرس، نوشہرہ چیمبرآف کامرس اور ایبٹ آباد چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے عہدیداراور اراکین شامل تھے۔
نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفودمیں شامل تاجربرادری کے نمائندوں نے کہاکہ انہیں فخر ہے کہ گورنر کا تعلق بزنس کمیونٹی سے ہیں۔
انہوں نے حقیقی معنوں میں صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ عوام اوربالخصوص تاجربرادری کیلئے گورنرہاؤس کے دروازے کھولنے اوران کے مسائل حکام بالا اور دیگر متعلقہ حکام تک پہنچانے پر گورنر حاجی غلام علی کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفودنے بزنس کمیونٹی کودرپیش مسائل بالخصوص سیکیورٹی، چیمبرزکیلئے دفاتر، تجارتی سرگرمیوں کیلئے سرحدوں کوکھولنے، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت د یگر مسائل سے گورنرکوآگاہ کیا اور مکمل عوامی انداز میں ملاقات کرنے اور مسائل سننے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔
چارسدہ وویمن چیمبر کے عہدیداروں نے کاروباری خواتین کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے بھی ذکر کیا۔ گورنرنے خواتین چیمبر سمیت تمام وفود کا گورنرہاؤس آمد پر شکریہ ادا کیا اور بزنس کمیونٹی کو اپنی جانب سے مکمل تعاون اور ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے حل کا یقین دلایا۔
گورنرحاجی غلام علی کاکہناتھاکہ ہمارے صوبے کی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں اور ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بہ شانہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ خود ایسی باہمت خواتین کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور انکے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوان اور ہنر مند خواتین کے مسائل کا حل انکی ترجیحات میں شامل ہے۔
گورنرنے کہاکہ ا نڈسٹریز کی ترقی ملکی معیشت کی ترقی ہے، صنعت و انڈسٹری سے ملکی معیشت کا پہیہ چلتا ہے اورموجودہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی بھی یہ خواہش ہے کہ بزنس کمیونٹی کو تمام سہولیات مہیا کئے جائیں۔
گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ ملک کو موجودہ مشکلات اور بحران سے نکالنے کیلئے ہر ایک شعبے اور طبقہ کو اپنا کردار ادا کرناہوگا، ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا بزنس کمیونٹی اور تاجر برادری سب سے آگے رہی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد پہلے کی طرح بزنس کمیونٹی کے تعاون سے ان مسائل پر قابو پالیاجائیگا۔
گورنرنے کہاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت بزنس کمیونٹی کیلئے نہ صرف آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں بلکہ انہیں سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ خود بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور تاجربرادری کودرپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اوروقت ضائع کئے بغیر ان تمام مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔